Tuesday 19 January 2021

لوگو ہم چھان چکے جا کے سمندر سارے

 لوگو ہم چھان چکے جا کے سمندر سارے

اس نے مٹھی میں چھپا رکھے ہیں گوہر سارے 

زخمِ دل جاگ اٹھے پھر وہی دن یار آئے 

پھر تصور پہ ابھر آئے وہ منظر سارے 

تشنگی میری عجب ریت کا منظر نکلی 

میرے ہونٹوں پہ ہوئے خشک سمندر سارے 

اس کو غمگین جو پایا تو میں کچھ کہہ نہ سکا 

بجھ گئے میرے دہکتے ہوئے تیور سارے 

آگہی، کرب، وفا، صبر، تمنا، احساس 

میرے ہی سینے میں اترے ہیں یہ خنجر سارے 

دوستو تم نے جو پھینکے تھے مِرے آنگن میں 

لگ گئے گھر کی فصیلوں میں وہ پتھر سارے 

خونِ دل اور نہیں،۔ رنگِ حنا اور نہیں 

ایک ہی رنگ میں ہیں شہر کے منظر سارے 

قتل گہ میں یہ چراغاں ہے مِرے دم سے بشیر

مجھ کو دیکھا تو چمکنے لگے خنجر سارے


بشیر فاروقی

No comments:

Post a Comment