Friday 22 January 2021

چشم الفت عجیب ہوتی ہے

 چشمِ الفت عجیب ہوتی ہے

مجھ سے ہر شے قریب ہوتی ہے

بات جب بڑھ گئی محبت میں

اپنی ہستی رقیب ہوتی ہے

جس کو چاہے نہ کوئی دنیا میں

اس کی دنیا عجیب ہوتی ہے

ایسا ہوتا ہے یاد کچھ بھی نہیں

یوں بھی یاد حبیب ہوتی ہے

سامنے وہ ہوں اور بات نہ ہو

وہ گھڑی بد نصیب ہوتی ہے

ان کی باتوں سے زخم کھا کے مجھے

اک مسرت نصیب ہوتی ہے

مجھ کو جھوٹی تسلیاں تو نہ دو

دل کی حالت عجیب ہوتی ہے

قلب صیاد کے لیے طوفاں

فرصت عندلیب ہوتی ہے

ہجر میں موت ہی نہیں شمسی

زندگی بھی قریب ہوتی ہے


شمسی مینائی

No comments:

Post a Comment