Tuesday 19 January 2021

ہم اس نگر میں گئے کار دلبری کے لیے

 ہم اس نگر میں گئے کارِ دلبری کے لیے

جہاں گدا بھی تھے بیتاب زرگری کے لیے

زمانہ کب مِرے قامت تلک پہنچتا تھا

مجھی کو جھکنا پڑا اس کی ہمرہی کے لیے

عذابِ شام سہولت، سیرابِ صبح مفاد

مُصر ہیں چشمِ قناعت کی بے گھری کے لیے

میں اس لڑائی کا پہلا شکار تھا جو مِرے

محافظوں نے لڑی اپنی برتری کے لیے

خیال و خواب کے چہرے پہ راکھ مل کے جہاں

مشاعرے بھی ہوں بس کارِ مسخری کے لیے

ضمیرِ آدمی شاید غنودہ سر ہے ابھی

کہ نرم گوشہ ہے اس کا سکندری کے لیے

ہم اس نصابِ خجالت کا فخر ہیں مجروحؔ

کہ جس میں شرطِ اطاعت ہے خود سری کے لیے


حسین مجروح

No comments:

Post a Comment