Tuesday, 2 February 2021

یہ لمحہ ازل بھی ابد بھی

 یہ لمحہ

ازل بھی ابد بھی

مسلسل ازل بھی، مسلسل ابد بھی

کراں تا کراں، بے کراں، جاوداں

اس ازل گیر ابد اور ابد گیر ازل کے دھڑکتے

سمندر کے

ان تھک تحرک کا بے انت مواج ٹھہراؤ

اک مختصر موج بے پایاں کا غیر محدود اک

ساحل بے نشان

اپنی ہستی، ہمیشہ نئے روپ کے مٹتے بنتے حبابوں کی تحریک کی کیفیت، کمیت

اپنی تقدیر، منزل کی موہوم تعین، دائم مسافت

مسافت، کہ جس کے سرابیں تصور کے مبہم افق

کی طلب کی تڑپ

دور ہی دور سے جگ مگاتے  ہوئے چاند تاروں کی

جاگی ہوئی

مسکراہٹ کی تسخیر کا مرمریں خواب بھی

اور گھمبیر پاتال کے

گہرے دلدل کے مکروہ کیڑوں کی افشردگی کی

مجرب سی

ترکیب زریاب بھی

اور حاصل، تغیر

مسلسل تغیر

تجسس

تحیر

مسلسل تحیر


عین سلام

No comments:

Post a Comment