Monday, 28 June 2021

مکمل آگہی کی ہم کہانی پیش کرتے ہیں

 مکمل آگہی کی ہم کہانی پیش کرتے ہیں

زمانہ محوِ حیرت ہے زبانی پیش کرتے ہیں

سلام ان ماؤں کو جن کے جواں بیٹے دلیری سے

وطن پر جان دیتے ہیں، جوانی پیش کرتے ہیں

علی مگسی شہید ایسے مثالی شیر دل ہیرو

دلوں میں زندہ رہنے کی نشانی پیش کرتے ہیں

جہادِ فی سبیلِ اللہ کا جذبہ لیے دل میں

نڈر ہو کر وہ اپنی زندگانی پیش کرتے ہیں

ضرورت ہو وطن کو تو ترانے خون سے لکھ کر

شعور و ولولہ کی ہم روانی پیش کرتے ہیں

ظہورِ حیدرِ کرار کی خاطِر محبت سے

خدائے وحدہٗ رُکنِ یمانی پیش کرتے ہیں

سخی حیدر، بہادر، فاتحِ خیبر، علی مولا

جو قاتل کو بھی اپنے میٹھا پانی پیش کرتے ہیں

میرے آقاؐ نے فرمایا ہے لوگو؛ لا نبی بعدی

تو پھر جھوٹا نبی کیوں قادیانی پیش کرتے ہیں

صحیح مومن وہی ہے جو کسی صورت نہیں بکتا

خریدار اس کو دھرتی، زر، زنانی پیش کرتے ہیں

وہ آزادی کی نعمت کو بھلا کیا خاک سمجھیں گے

فرنگی کو جو پھر سے راجدھانی پیش کرتے ہیں

گِرا کر حملہ آور کو مرمت کرتے ہیں پہلے

پھر اس کو چائے شاکر اصفہانی پیش کرتے ہیں


بی اے شاکر

No comments:

Post a Comment