Monday 28 June 2021

تمہاری محبت نے سکھایا غم کیسے سہا جاتا ہے

 مکتب عشق


تمہاری محبت نے سکھایا

غم کیسے سہا جاتا ہے

صدیوں سے اک ایسی عورت کی تلاش تھی مجھے

جو لذت غم سے

آشنا کرتی

اک ایسی عورت

جس کے کندھوں پر سر رکھ کر

کسی پرندے کی طرح رو پاتا

اک ایسی عورت

جو ٹوٹے ہوئے شیشے کی طرح

میرے وجود کے ذروں کو سمیٹ پاتی

اے راحتِ جاں

تمہاری محبت نے

مجھ میں بد ترین عادات کو ابھارا

تمہاری محبت نے سکھایا

کس طرح ہر رات

ہزار بار قہوہ پیا جائے

طبیبوں کے ہاں جایا جائے

اور جوتشیوں سے قسمت کا حال معلوم کیا جائے

تمہاری محبت کی عنایت ہے

بے مقصد باہر پھرنا

گلیوں کی خاک چھاننا

تمہارے خد و خال

بارش کی بوندوں

اور روشنیوں کی جھلملاہٹ میں تلاش کرنا

تمہارے عکس کو

اجنبیوں کے چہروں میں ڈھونڈنا

حتیٰ کہ تمہارا احساس مہک

اخباروں میں بھی محسوس کرنا

یہ تمہاری محبت ہی ہے

جس نے مجھے افسردگی کے شہر سے آشنائی بخشی

قبل ازیں اس سے

کبھی گزر نہیں ہوا تھا

مجھے بالکل بھی اندازہ نہیں تھا

کہ انسان کا آنسو اس قدر ملائم و شفیق ہوتا ہے

اور انسان

آنسوؤں کے بغیر

محض اک یاد ہے

تمہاری محبت نے سکھایا

بچوں کی طرح دیواروں پہ چاک سے تمہارا نقش بنانا

تمہاری محبت نے سکھایا

کس طرح محبت

وقت کی پیمائشوں کو بدل کے رکھ دیتی ہے

میں جب تمہیں پیار کرنے لگتا ہوں

زمین تب بھی

اپنے محور پہ رکی رہتی ہے

تمہاری محبت نے سکھایا

فریب نظر کسے کہتے ہیں

تمہاری محبت نے سکھایا

کس طرح غیر اہم چیزوں میں

تم سے محبت کا احساس تلاشا جائے

جیسے مئے

خزاں رسیدہ درخت

گرتے زرد پتے

برستی بارش

اور ہر اس کیفے ٹیریا میں

جہاں ہم نے سیاہ قہوہ پیا

متاعِ جاں

تمہاری محبت نے سکھایا

غیر معروف ہوٹلوں میں قیام کرنا

گمنام ساحلوں پہ

سستانا

اور بِن آنسوؤں کے رونا

تمہاری محبت نے سکھایا

غم کیسے سہا جاتا ہے

صدیوں سے اک ایسی عورت کی تلاش تھی مجھے

جو لذتِ غم سے آشنا کرتی

اک ایسی عورت

جس کے کندھوں پہ سر رکھ کر

کسی پرندے کی طرح

رو پاتا

اک ایسی عورت

جو ٹوٹے ہوئے شیشے کی طرح

میرے وجود کے ذروں کو سمیٹ پاتی


نزار قبانی

No comments:

Post a Comment