Saturday 26 June 2021

تہہ در تہہ الجبرا کے ماہر لڑکے

 تہہ در تہہ


الجبرا کے ماہر لڑکے

تمہارے نزدیک ایکس فقط ایک  متغیّر ہے

ہائے، تُم “ایکس” کی قیمت نہیں جانتے

خواہشوں کو مجبوریوں پر

تقسیم کرنے والے لڑکے کا دُکھ جانتے ہو؟

المیہ تو یہ ہے کہ

تھِیسس لکھنے والے کو فرسٹ ایڈ نہیں آتی

کمپیوٹر کی پروگرامنگ ٹھیک ہے، مگر

کیا تم میسج پڑھ کے نکلنے والے آنسوؤں کو ڈی کوڈ کر سکتے ہو؟

یا پھر کنٹرول شفٹ دبا کے

ساری یادیں ڈیلیٹ ہو جاتی ہیں؟

زمین سے مریخ تک، ماپنے والے

خیرات لے کر اٹھائے گے دو قدموں کے درمیان

کتنے نوری سال کا فاصلہ ہوتا ہے؟

گاؤں سے اماں جب کال پہ 

ہیلو” کہتی ہے “

اس لفظ کی تاثیر کتنی ٹھنڈی ہے

حکمت میں کہاں لکھا ہے؟

ماسٹرز کی ڈگری لینے والے کو

ٹریفک کے قوانین

یا ایمرجنسی ایگزٹ

بلکہ خوش رہنے کے اصول کہاں پڑھائے جاتے ہیں؟

دُکھ سُننے کی مشق کب کروائی جائے گی؟

بلاک ہونے کا صدمہ

میں تو سہہ گیا ہوں

روبوٹ سہہ پائے گا؟

کس فریکونسی سے رویا جائے

کہ چاند پہ چرخہ کاتنے والی بڑھیا

کام چھوڑ کے روٹی پکانے لگ جائے؟

بلاک ہونے کا صدمہ

میں تو سہہ گیا ہوں

روبوٹ سہہ پائے گا؟

کس فریکونسی سے رویا جائے

کہ چاند پہ چرخہ کاتنے والی بڑھیا

کام چھوڑ کے روٹی پکانے لگ جائے؟

ڈاکٹر تمہاری ایلوپیتھی میں

دماغی قبض کا علاج کیا ہے؟

ماہر نفسیات

تم جھولتی ہوئی مُسکراتی لاش کو دیکھ کر

بلاک ہوئے نمبر پہ وصیت بھیج سکتے ہو؟

جن بچوں کے نام ہم نے سوچے تھے

اب کون سی جماعت میں پڑھتے ہوتے؟

کفن میں جیب کا نہ ہونا تو سمجھ آتا ہے

نکاح نامے میں محبت کا خانہ کیوں نہیں ہے؟

یار تُم نے کتابیں پڑھی ہیں

اور اُن میں فقط “لفظ”پڑھے ہیں

تہہ در تہہ چہرے بھی پڑھتے تو اچھا تھا


سہیل کاہلوں

No comments:

Post a Comment