Friday 27 August 2021

ایک گلی میں مڑتے ہی اک شام سہانی پڑتی ہے

 ایک گلی میں مُڑتے ہی اک شام سہانی پڑتی ہے

اس کے گھر کے رستے میں بس یہی نشانی پڑتی ہے

پہلے پہل تو سب کچھ اپنے دل میں چھپائے رکھتی ہوں

آخر اس کو دل کی ساری بات بتانی پڑتی ہے

جذبوں پر جب برف جمے تو جینا مشکل ہوتا ہے

دل کے آتشدان میں تھوڑی آگ جلانی پڑتی ہے

کبھی کبھی تو سچ مچ اس سے جھگڑا کرنا پڑتا ہے

اکثر ایسا ہو جاتا ہے، بات نبھانی پڑتی ہے

وقت ملے تو تم کو بتاؤں کیا کچھ مجھ پر بیتا ہے

میرے اس کے ملن میں پوری رام کہانی پڑتی ہے

یہ بھی سچ ہے آئینے ہی ہم کو سنوارا کرتے ہیں

اور کبھی تو آئینے سے آنکھ چرانی پڑتی ہے

میں ماضی کی جانب یوں بھی لَوٹ کے اکثرجاتی ہوں

اس رستے پہ آگے جا کر میری جوانی پڑتی ہے


سیما غزل

No comments:

Post a Comment