Wednesday, 25 August 2021

لہو میں پھول کھلانے کہاں سے آتے ہیں

 لہو میں پھول کھلانے کہاں سے آتے ہیں

نئے خیال نہ جانے کہاں سے آتے ہیں

یہ کون لوگ ہیں؟ ہر شام طاق مژگاں پر

چراغ یاد جلانے کہاں سے آتے ہیں؟

خزاں کی شاخ میں حیراں ہے آنکھ کی کونپل

پلٹ کے عہد پرانے کہاں سے آتے ہیں

سمندروں کو سکھاتا ہے کون طرزِ خرام

زمیں کی تہ میں خزانے کہاں سے آتے ہیں

زمامِ ابرِ گریزاں ہے کس کے ہاتھوں میں

محیط خوشہ میں دانے کہاں سے آتے ہیں

سفر نصیب پرندو! تمہارے ہونٹوں پر

یہ خوشگوار ترانے کہاں سے آتے ہیں؟

خوشی کے عہد چلے جاتے ہیں کہاں سید

اداسیوں کے زمانے کہاں سے آتے ہیں


ستار سید

No comments:

Post a Comment