لیکن تم ان سب سے خوبصورت ہو
میں زیادہ سے زیادہ ایک تتلی کو سوچ سکتا ہوں
تمہارے رنگوں کو دیکھتے ہوئے
یا کسی چڑیا کو
تمہاری نزاکت کو تصور کرتے ہوئے
تمہاری سبک رو شرارتیں
ایک گلہری کو بھی دھیان میں لے آتی ہیں
جو کسی درخت کی سکھ بھری طمانیت کی راز دار ہوتی ہے
تمہارے ہونے کی لطافت
پھولوں کی پتیوں اور ننھی سیپیوں کی یاد دلاتی ہے
جو اس زمین کے حسن کا اک نامختتم خزانہ ہیں
اور شاعری کی بہترین بنیاد
تمہاری آواز میں کلیوں کے چٹکنے کا لہجہ ہے
لفظوں میں جگنووں سی روشنی
تمہیں سوچنے کی کوشش میں
میں کائنات کی سب نرم کومل چیزوں پر نظر ڈالتا ہوں
لیکن تم ان سب سے خوبصورت ہو
میں زیادہ سے زیادہ ایک تتلی کو سوچ سکتا ہوں
ازہر ندیم
No comments:
Post a Comment