Thursday 31 March 2022

کل رات میں شکستِ ستمگر سے خوش ہوا

 کل رات میں شکستِ ستمگر سے خوش ہوا

وہ رو پڑا تو دل مِرا اندر سے خوش ہوا

دریا تھا، چاند رات تھی اور اس کا ساتھ بھی

لیکن میں ایک اور ہی منظر سے خوش ہوا

خوش وہ ہے جس کے واسطے دنیا سراب ہے

اس کی خوشی بھی کیا جو میسر سے خوش ہوا

اس آسماں کے نیچے نہیں ایسی کوئی بات

جو خوش ہوا وہ اپنے مقدر سے خوش ہوا

رک سا گیا تھا آنکھ کی خشکی کے درمیاں

چھلکا تو میں بھی اپنے سمندر سے خوش ہوا

جب بھی ہجومِ عشق نورداں میں آیا وہ

دو چار سے خفا ہوا اکثر سے خوش ہوا

میں اس کے ہم سفر سے ملا اس تپاک  سے

اندر سے جل کے رہ گیا باہر سے خوش ہوا

غم بانٹنا تو رسمِ جہاں ہے، مگر جمال

وہ خوش ہوا تو میں بھی برابر سے خوش ہوا


جمال احسانی

No comments:

Post a Comment