Thursday 31 March 2022

عبث ہیں چاہے تو جتنے بھی میرے چاؤ اٹھا

 عبث ہیں چاہے تُو جتنے بھی میرے چاؤ اُٹھا

خلوص ہے تو ٹھہر ورنہ رکھ رکھاؤ اٹھا

لُبھا گئی اسے میری پھٹی ہوئی پوشاک

امیر زادی کا مخمل سے پھر لگاؤ اٹھا

میں اپنی موج میں شائد یہاں ٹھہر جاؤں

مری کلائی سے تُو ہاتھ کا دباؤ اٹھا

جہاں فقیر کو خیرات میں ملے جِھڑکی

زُباں درازوں کے اس شہر سے پڑاؤ اٹھا

رواں دواں ہوں محبت میں میری سمت نہ دیکھ

تُو اپنی لہر میں جذبات کا بہاؤ اٹھا

نمودِ رنج کی برسوں سے آرزو تھی تجھے

سو اب تُو گریہ کی اس فصل کا کٹاؤ اٹھا

کراہوں دل پہ رکھے ہاتھ درد سے میں حسن

وہ ٹیس میرے رفوگر درونِ گھاؤ اٹھا


عطاءالحسن

No comments:

Post a Comment