Tuesday, 29 March 2022

ہونٹوں پہ اگرچہ مرے مسکان سجی ہے

 ہونٹوں پہ اگرچہ مِرے مسکان سجی ہے

اب بھی مِری پلکوں پہ تو ہلکی سی نمی ہے

آ کر کوئی بیٹھا ہے خیالوں میں جو اس دم

آنکھوں کی یہ برسات ذرا دیر رکی ہے

میں خود ہوں کہیں اور دلِ غم دیدہ کہیں اور

جذبات میں احساس میں اک برف جمی ہے

خوابوں کے دریچے سے جو جھانکا ہے کسی نے

دل نے کہیں سینے میں کوئی آہ بھری ہے

تصویر غم و درد بنی جاتی ہوں اب تو

کیسی مِرے مالک مِری تقدیر لکھی ہے

دل درد جدائی سے تڑپتا ہے ہر اک پل

ہوں بھیڑ میں لوگوں کے مگر تیری کمی ہے

دل جلتا ہے کیوں کر نہ کروں آہ اور زاری

طوفان ہے سینے میں اک ہلچل سی مچی ہے

لگتا ہے کہ جلتا ہے ان آنکھوں میں کوئی خواب

اٹھتا ہے دھواں جیسے کہیں آگ لگی ہے

اک پل کی جدائی مجھے منظور نہیں اب

ہمت نہیں جینے کی بڑی سخت گھڑی ہے

گلیوں میں کھڑے ہو کے تِری راہ تکوں میں

زنجیر تِرے ہجر کی پیروں میں پڑی ہے

باقی نہیں جینے کی تمنا مِرے دل میں

آ دیکھ لے رعنا تِری کس غم میں گھلی ہے


رعنا حسین چندا

No comments:

Post a Comment