Thursday, 31 March 2022

میں فرد کسی اونچے گھرانے کا نہیں تھا

 میں فرد کسی اونچے گھرانے کا نہیں تھا

سو تجھ کو پتا میرے ٹھکانے کا نہیں تھا

جس روز اجل پہنچ گئی گھر پہ ہمارے 

وہ وقت مِرے باپ کے جانے کا نہیں تھا

اس دور میں کی بھائی نے کنبے کی کفالت 

بچپن کا زمانہ جو کمانے کا نہیں تھا

میں نے بھی یتیمی میں کیا کارِ پیمبر 

کچھ شوق مجھے گَلہ گھمانے کا نہیں تھا

اک شخص کے بدلے ہوئے تیور نہ سمجھتا 

اتنا بھی میں پتھر کے زمانے کا نہیں تھا

اک لفظ پہ قائم تھا وہ کاغذ کا تعلق 

وہ لمحہ مگر ہوش گنوانے کا نہیں تھا

اک سُر پہ تھرکتا ہوا پہنچا میں خدا تک 

گو حکم مجھے ناچنے گانے کا نہیں تھا

چپ چاپ میں جنت سے نکل آیا تھا عرفی 

دانائی کا بھوکا تھا میں، دانے کا نہیں تھا 


عرفان عرفی

No comments:

Post a Comment