Thursday, 31 March 2022

کسی بھی وہم کو خود پر سوار مت کرنا

 کسی بھی وہم کو خود پر سوار مت کرنا

خیال یار کو گرد و غبار مت کرنا

خلاف واقعہ کچھ بھی ہو سن سنا لینا

یہی طریقہ مگر اختیار مت کرنا

تمہاری آنکھ میں نفرت ہو دوسروں کیلئے

تم اپنی ذات سے اتنا بھی پیار مت کرنا

نشہ چڑھا ہے تو پھر یہ اتر بھی جائے گا 

جو ہے سرور تو اس کو خمار مت کرنا 

کوئی بھی رُت ہو وہ اپنا جمال رکھتی ہے 

خزاں جو آئے تو اس کو بہار مت کرنا 

غموں کے ساتھ تو جینا ہے عمر بھر کے لیے 

خوشی کے ساتھ تو ان کو شمار مت کرنا

کسی کو جان کے انجان بن کے ملنا سعد

کسی کے ساتھ بھی یہ ظلم یار مت کرنا


سعد اللہ شاہ

No comments:

Post a Comment