Monday, 19 September 2022

یاد نبی سے عشق کے غنچے نکھر گئے

 عارفانہ کلام نعتیہ کلام


یاد نبیؐ سے عشق کے غنچے نکھر گئے 

ایسا لگا کہ زیست کے رستے سنور گئے

شہر رسولﷺ دیکھ کر اتنا سکوں ملا 

دل سے دیارِ غیر کے منظر اتر گئے

بستی گئیں ہزارہا پھولوں کی بستیاں 

جان بہارﷺ جان گلستانﷺ جدھر گئے

اس وقت فرط شوق کا عالم نہ پوچھیۓ 

اللہ کے گھر کے بعد جب آقاؐ کے گھر گئے

پھر مصطفیٰؐ کے نام کی اک میم بن گئی 

اقصیٰ میں انبیاء کے جو سجدے میں سر گئے

تھے سامنے حضورؐ بھی ہونٹوں پہ تھے سلام 

پُل سے بس ایک پَل میں ہم تو گزر گئے

لکھتا رہا مدح شہﷺ دو جہاںﷺ مدام 

دن اس طرح سے زیست کے ہوتے بسر گئے

جب سے نبیؐ کے نام کو لب پر سجا لیا 

ناصر مجھے تو پار لگانے بھنور گئے


ناصر چشتی

No comments:

Post a Comment