Sunday 23 April 2023

خاکستر پروانہ سر بزم اڑا کر

 والصبح اذا تنفس


خاکسترِ پروانہ سرِ بزم اُڑا کر

گزری ہے صبا شمع کے شعلے کو بُجھا کر

معمور فضا ہو گئی آوازِ اذاں سے

پیمانہ سنبھالا نہ گیا پیرِ مُغاں سے

اِک چادرِ رنگیں سے شفق سایہ فگن ہے

یہ رات کی میّت کے لیے سُرخ کفن ہے

برخاست ستاروں کی ہوئی بزمِ شبینہ

اُبھرا ہے اُفق پار سے سُورج کا سفینہ

پُھوٹے ہیں عجب شان سے کرنوں کے فوارے

وہ دیکھیے روشن ہوئے مسجد کے منارے

ہر گوشۂ فطرت میں ہے تنویر ہی تنویر

ہر قطرۂ شبنم میں ہے خورشید کی تصویر

کیا حُسن ہے دلکش رُخِ زیبائے سحر میں

نظارے سمٹ آئے ہیں آغوشِ نظر میں

دیوانے چلے شہر سے اور دشت کو نکلے

کچھ نسترن اندام بھی گُلگشت کو نکلے

انگڑائیاں لیتے ہوئے پہنچے ہیں چمن میں

جُھرمٹ ہے نگاروں کا بہاروں کے وطن میں

پتوں سے ہوا گزری ہے کیا ساز بجا کے

جیسے کسی رقاصہ کی پائل کے چھناکے

پھولے ہوئے رخسار ہیں ننھی سی کلی کے

نرگس کی حسیں آنکھ میں آنسو ہیں خوشی کے

ہر شاخ کی رنگین کلائی میں لچک ہے

پھولوں میں بھی پیراہنِ یوسف کی مہک ہے

اڑتے ہیں قطاروں میں شکر بیز پرندے

خو ش رنگ، سحر خیز، نوا ریز پرندے

غُنچوں کی جبیں فرطِ مسرت سے کِھلی ہے

بُلبل کو ترنم کی بڑی داد ملی ہے

اک طائرِ ناشاد تڑپتا ہے قفس میں

ہے سیر کا ہنگام رہائی نہیں بس میں

اس قید سے یارانِ چمن چُھوٹ گئے ہیں

اور کوششِ ناکام سے پر ٹُوٹ گئے ہیں

اُمید کے دھوکے سے وہ مجبورِ فُغاں ہے

صیّاد کو فریاد کا احساس کہاں ہے

آتی ہیں نظر دور سے کھیتوں کی فضائیں

پُر کیف ہیں فطرت کی حسینہ کی ادائیں

سرسوں ہے کہ یا کھیت میں آ بیٹھی ہیں پریاں

لچکیلے بدن اور بسنتی ہے چُنریاں

کیا رُوپ ہے دیہات کے اک سادہ جواں پر

اور ہیر کے کچھ بول ہیں بانکے کی زباں پر

روزی کے تفکّر میں بہت دور چلا ہے

تیشے کو سنبھالے ہوئے مزدور چلا ہے

شاعر کے بھی اس وقت ہیں نکھرے ہوئے جذبات

خُورشید کی مانند اُبھرتے ہیں خیالات


انور مسعود 

No comments:

Post a Comment