Tuesday, 25 April 2023

ہم اندھیروں میں اجالوں کے سفیروں کی طرح

 ہم اندھیروں میں اجالوں کے سفیروں کی طرح

کچھ حوالوں کی طرح چند نظیروں کی طرح

وہ جو ڈوبے تھے مِرے سوچ سمندر میں کہیں

اب ابھر آئے ہیں بے چاپ جزیروں کی طرح

بندگی میں بھی ہیں اندازِ خدائی موجود

زندگی کون کرے ہم سے فقیروں کی طرح

یوں ہوا جیسے ہو سِسکی کوئی سناٹے میں

چاند آتا ہے نظر شب کے اسیروں کی طرح

جسم ہے بسترِ اطلس پہ مگر ذہن ترا

پارہ پارہ مِرے ملبوس کی لیروں کی طرح

تیرا گاؤں میرا قرطاسِ مقدر ہی نہ ہو

تیری گلیاں مِرے ہاتھوں کی لکیروں کی طرح


سید نصیر شاہ

No comments:

Post a Comment