Sunday 23 April 2023

خدارا کفر مت تولو بہارو جھوٹ مت بولو

 بہارو جُھوٹ مت بولو

کسی جبل بلند قامت کی رفعت سے ذرا اونچی

ہوائے یاسمن کے عطر سے ملبوس کو چُھوتی

ستاروں سے کہیں اجمل

ستم ایجاد چشم ناز کا ہیبت تماشا

ہاتھ پر دھر کر

یہ کیسی رُت زمیں پر آن اتری ہے

یہ کیسی رُت کہ جس کو دیکھ کر

اس بار دھرتی پر

زمیں والوں کا واویلہ

فلک کے سجدہ تعظیم کی، سُرخاب پٹی پر

ملائک سے اُلجھنے آیا

حیا داروں کی بستی میں

دوپٹے تتلیوں کے

پاؤں میں بیلوں کے کھنچ آئے

زمیں والوں نے منظر دیکھ کر

پُر خوف جسموں کو

یکایک بال و پر کی اوٹ میں تحلیل کر ڈالا

سو وہ نا پید ہوتے جا رہے تھے

اور کسی مخبر کی دست و بُرد سے محفوظ ہوتے جا رہے تھے

کُشادہ صحن کی چھوٹی پنیری

ہوا کی چال سے ہم رقص ہوتی

مشامِ جان کے پیروں میں گُھنگرو باندھتی پھرتی کہانی

کسی شاخِ بُریدہ پر

کہیں سے مانگ کر لائی جوانی

فقط اک خواب ہوتی جا رہی ہے

کہیں ہاتھی کی میّت کو

کسی چیونٹی میں دفنانا

کہیں مرقد کے آنگن میں

اُچھل کر پھر عیاں ہونا

کہانی حیرتیں کہتی

کہانی کیا نہیں کہتی؟

وہیں بازارِ حِصص کے نفع بازوں کی جیبوں میں

پرائے مال کی لذّت بہک کر رقص کرتی ہے

محبت باز مجنوں کو

کہیں سیڑھی سے پھینکا جا چکا ہے

حِصص کے دام میں تازہ ہوس کی مانگ بڑھتی ہے

یہ کیسی رُت کہ جس کو جاں فزا کہنا ملامت ہے

سیہ قسمت کی بوڑھی اپسرا کو

کسی اُمید سے سرشار کر کے تم

خدارا کفر مت تولو

بہارو، جھوٹ مت بولو


فرخندہ شمیم

No comments:

Post a Comment