Monday, 29 May 2023

لمحات غم عشق کے بے باک بہت تھے

 لمحات غمِ عشق کے بے باک بہت تھے

قصے میری چاہت کے خطرناک بہت تھے

میں خون کے دھاگوں سے انہیں سی نہیں پایا

زخموں کے گریبان مِرے چاک بہت تھے

آئی ہے بلا ایک فلک سے گمان تھا

جب غور کیا میں نے تو افلاک بہت تھے

آ جاتا ہے خود موت کو رہ رہ کے پسینہ

تیور میری ہستی کے غضب ناک بہت تھے

افکار کے پھولوں کو بھی جب غور سے دیکھا

کم یاب تھے گل اور خس و خاشاک بہت تھے

سینے میں اندھیرے کے تھا پوشیدہ سویرا

زہروں کو چھپائے ہوئے تریاک بہت تھے

کچھ لوگوں کی روحوں پہ تو قابض رہا شیطاں

تھے اجلے لباس ان کے وہ ناپاک بہت تھے

میں تھا جو ابھرتا گیا توقیر بھنور سے

ہستی میں میری دلدل و لوشاک بہت تھے


توقیر زیدی

No comments:

Post a Comment