Tuesday, 30 May 2023

اپنی انا سے بر سر پیکار میں ہی تھا

 اپنی انا سے بر سر پیکار میں ہی تھا

سچ بولنے کی دھن تھی سر دار میں ہی تھا

سازش رچی گئی تھی کچھ ایسی مِرے خلاف

ہر انجمن میں باعثِ آزار میں ہی تھا

سو کرتبوں سے زخم لگائے گئے مجھے

شاید کہ اپنے عہد کا شہکار میں ہی تھا

لمحوں کی بازگشت میں صدیوں کی گونج تھی

اور آگہی کا مجرم اظہار میں ہی تھا

تہذیب کی رگوں سے ٹپکتے لہو میں تر

دہلیز میں پڑا ہوا اخبار میں ہی تھا

اجمل سفر میں ساتھ رہیں یوں صعوبتیں

جیسے کہ ہر سزا کا سزاوار میں ہی تھا

 

کبیر اجمل

No comments:

Post a Comment