Wednesday, 31 May 2023

دل ہے بیمار کیا کرے کوئی

 دل ہے بیمار کیا کرے کوئی

کس طرح سے دوا کرے کوئی

جب کہ تم بِن کہیں قرار نہ ہو

پھر بتاؤ کہ کیا کرے کوئی

وہ نہ اپنی روش کو بدلیں گے

چاہے جو کچھ کہا کرے کوئی

طاقتوں نے مِری جواب دیا

اب بتاؤ کہ کیا کرے کوئی

بڑھتی جاتی ہیں دھڑکنیں دل کی

آ بھی جائے خدا کرے کوئی

ان کو فرصت کہاں سنورنے سے

اب جئے یا مرا کرے کوئی

جب تعلق نہ کوئی باقی ہو

کس طرح سے وفا کرے کوئی

سب یہ تقدیر کے کرشمے ہیں

کیا کسی سے گلا کرے کوئی

ہم تو طالب نہیں وفاؤں کے

کاش ہم سے جفا کرے کوئی

پھر ذکی دل کو یہ تمنا ہے

ہم سے ناز و ادا کرے کوئی


ذکی کاکوروی

No comments:

Post a Comment