Sunday, 28 May 2023

آپ کے جود و کرم کا ہے سہارا آقا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


آپؐ کے جود و کرم کا ہے سہارا آقاﷺ

ورنہ اس دنیا میں ہے کون ہمارا آقاﷺ

ایک پل میں ہی بنا دیتا ہے بگڑی سب کی

آپؐ کی چشمِ عنایت کا اشارہ آقاﷺ

حسرتِ دید میں جلتے ہیں دُہائی سن لیں

اب نہیں ہوتا کسی طور گزارا آقاﷺ

مجھ کو قطرہ ہو عطا بحرِ کرم سے اپنے

جس کی وسعت کا سِرا ہے نہ کنارہ آقاﷺ

جلتی آنکھوں پہ کرم بار گھٹائیں برسیں

خواب میں آپؐ کا ہو جائے نظارہ آقاﷺ

روزِمحشر مِرے اعمال پہ جانا نہ شہاؐ

اپنی کملی میں چھپا لینا خدارا آقاﷺ

آپؐ کے فیضِ تقرّب نے کیا کتنا رفیع

خاکِ نعلین ہوئی رشکِ ستارا آقاﷺ

شاہاؐ! قندیلِ ثنایاب رہے قلبِ جمیل

اور لب پر ہو سدا نام تمہارا آقاﷺ


جمیل احمد جمیل

No comments:

Post a Comment