Wednesday, 14 June 2023

ہمارے سانس جھوٹے ہیں

 ہمارے سانس جُھوٹے ہیں


مدارِ وقت سے اک جُرعۂ نایاب لیتے ہیں

یوں ہی جیتے چلے جاتے ہیں بس لمحوں کی دھڑکن میں

خزاں کا گیت سنتے ہیں

بہار زندگانی میں

خمار رائیگانی میں

ہمارے پاؤں رستے ماپتے ہیں شہر و صحرا کے

مگر منزل نہیں ملتی

سفر تو جاری رہتا ہے

پھر آخر ایک دن جب وقت باگیں کھینچ لیتا ہے

تو کُھلتا ہے

اسی بہتے ہوئے دریا میں اپنے خواب کا سونا بکھرنا ہے

ہمارے جسم کا سودا اسی مٹی سے ہونا ہے

فنا کا ذائقہ چکھتے ہوئے

اس قُلزم ہستی میں ہم کو ڈُوب جانا ہے

جسے جیون سمجھتے تھے سراسر ایک دھوکا ہے

یہی لمحہ بھبھوکا ہے


فیصل ریحان

No comments:

Post a Comment