Sunday, 23 July 2023

طیبہ کو چلے پھر تیری الفت کے طلبگار

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


طیبہ کو چلے پھر تیری الفت کے طلبگار

بے چین ہیں فرقت سے محبوں کے دلِ زار

پائیں تو شفا یاب ہوں سارے تیرے بیمار

سرکارﷺ دوا اُن کے لیے ہے تیرا دیدار

رب نے تو بنایا ہے فقط ایک ہی شہ کار

تاجِ سرِ یزداں کا بنا ہے، دُرِ شہوار

چلتی ہے صبا گنبدِ خضریٰ کو جو چُھو کر

گلیاں ہیں معطر تیری، مہکیں تیرے بازار

ہر شۓ سے ٹپکتی ہیں یہاں نور کی بوندیں

رحمت کے برستے ہیں فضا میں تیرے انوار

بارش ہے کہ برسا ہے یہاں نور کا بادل

گنگھور گھٹائیں ہیں کہ زلفیں تیری دلدار

چوکھٹ پہ تِری آ کے شہاؐ بیٹھ گئے ہیں

سارے ہی گنہ گار و سیہ کار و خطاکار

میرے لیۓ روضہ ہی تیرا عرشِ بریں ہے

فردوس کی مانند ہیں طیبہ کے چمن زار

زینب ہے یہ ٹھانی کہ زیارت کے لیے ہم

کھنچتے چلے آئیں گے درِ احمدِﷺ مختار


سیدہ زینب سروری قادری

No comments:

Post a Comment