Tuesday 1 August 2023

آقائے مدینہ ہی لجپال ہمارے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


آقائے مدینہﷺ ہی لجپال ہمارے ہیں

سرکارؐ کے منگتوں میں سب چاند ستارے ہیں

توصیف کی رم جھم ہیں آیاتِ خداوندی

مِدحت کی لیے ٹھنڈک قرآن کے پارے ہیں

کل شب مِرے آنگن میں طیبہ کی ہوا اتری

ساون کی گھٹائیں ہیں، رحمت کے اشارے ہیں

کیا تجھ کو بتاؤں میں احوالِ درِ آقاﷺ

کیا خوب مدینہ ہے کیا خوب نظارے ہیں

گلزارِ مدینہ میں خوشبو نے خبر دی ہَے

جگنو یہ تمہارے ہیں، یہ پھول تمہارے ہیں

بپھری ہوئی یہ موجیں ہاتھوں میں اٹھا لیں گی

نکلے تو سہی کشتی ہر سمت کنارے ہیں 

یہ سب ہے کرم اُنؐ کا، یہ سب ہے عطا اُنؐ کی

دوری میں حضوری کے لمحات گزارے ہیں

للہ کرم کیجیے،۔ للہ کرم کیجیے

سب آپؐ کی چوکھٹ پر دکھ درد ہمارے ہیں

سرکارؐ کے قدموں سے ہر گز نہ ریاض اٹھنا

دنیا کے تعاقب میں ہر وقت خسارے ہیں


ریاض حسین چودھری

No comments:

Post a Comment