عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
والضحیٰ، واللیل کی آیاتِ پُر انوار سوچ
سوچنا ہے تو شبیہ احمد مختارﷺ سوچ
نعت پاک مصطفیٰؐ کے واسطے درکار ہے
عشق، پاکیزہ تخیل، عشق میں سرشار سوچ
ماورائے عقل و دانش مصطفیٰؐ کی رفعتیں
محو حیرت عقل ہے بے بال و پر افکار سوچ
آیت لا ترفعوا سے یوں نہ کر صرف نظر
ہو گیا قصر عمل تیرا اگر مسمار سوچ
رُوئے انور مصطفیٰؐ کا کیسا ہو گا نُور بار
جب درخشندہ ہے ان کا ذرۂ پیزار سوچ
وقت کی رفتار دم سادھے ہوئے بیٹھی رہی
صاحب معراج تھا کتنا سبک رفتار سوچ
کر مجلی ذہن و دل کو اس عمل سے اے شفیق
مصطفیٰؐ کے آستانے کے در و دیوار سوچ
شفیق رائے پوری
No comments:
Post a Comment