Wednesday 2 August 2023

میں مدینے جو پہنچی تو دل میں مرے روشنی ہو گئی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میں مدینے جو پہنچی تو دل میں مِرے روشنی ہو گئی

رُوح مُردہ تھی لیکن مجھے یوں لگا زندگی ہو گئی

پھر سحابِ کرم سے خزاؤں میں بھی پُھول کِھلنے لگے

دیکھ کر سبز گُنبد بہاروں سے بس دوستی ہو گئی

ہے مِرے واسطے تو یہ روشن مدینہ ہی روشن جہاں

چاند یثرب سے اُبھرا تو چاروں طرف چاندنی ہو گئی

آپﷺ علم و محبت کا پیغام لے کر جو آئے تو پھر

بس وہ ظُلمت جہالت جہاں میں بہت اجنبی ہو گئی

میرا ماتھا چمکنے لگے گا میں خود بھی نکھر جاؤں گی

دُھول شہرِ نبیﷺ کی جبیں پر اگر دائمی ہو گئی

تھی جو اک کیفیت رنج اور درد کی کب سے گھیرے ہوئے

مجھ پر اُنؐ کے کرم کی نظر جو پڑی وہ خوشی ہو گئی

آپؐ کی شان کے لفظ ملتے نہ تھے میں پریشان تھی

آپؐ نے لفظ بھیجے تو آقاﷺ مِری نعت بھی ہو گئی


نجمہ شاہین کھوسہ

No comments:

Post a Comment