Thursday, 16 November 2023

لاریب یہاں اور عقبٰی میں اک ان کے کرم کا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


لا ریب یہاں اور عقبٰی میں اک ان کے کرم کا سایہ ہے

محبوبِ خداﷺ رحمت بن کر ہر دو عالم پر چھایا ہے

جو خلقِ خدا کا ہے سرورﷺ ہے حشر کے داور کا دلبر

وہ حُسنِ سراپا، نازشِ کُل، اہلِ دل کا سرمایہ ہے

ہیں خُلق پہ انس و جاں قرباں، ایک ایک ادا کے متوالے

اوصافِ نبیﷺ کی خُوشبو نے سارا عالم مہکایا ہے

روشن تھے نہ یوں آفاق کبھی سرکارؐ کی آمد سے پہلے

خود ان کے لیۓ ہی خالق نے ہر ذرے کو چمکایا ہے

یہ گلشنِ ہستی کی زینت انﷺ کی مرہونِ منّت ہے

اک آمدِ شاہ ﷺ سے دنیا پر کیا ابرِ سکینت چھایا ہے

کرتی ہیں وضو آنکھیں ان کی، اشکوں سے سدا اس بستی میں

کیسا انﷺ کے مشتاقوں کا فرقت میں دل بھر آیا ہے

حسنینؑ کا نانا، بابا ہے وہ سیدہ فاطمہؑ زہرا کا

دنیا میں انہی کے ناموں کا ہر سُو جھنڈا لہرایا ہے

اللہ کے پیارے ناموں کے اور ذکرِ مبیں کے بعد سدا

زینب نے نبیﷺ کا ذکرِ مبیں ہونٹوں کا وِرد بنایا ہے


سیدہ زینب سروری قادری

No comments:

Post a Comment