Sunday, 10 December 2023

جب ان کے تصور میں تصویر نظر آئی

 جب ان کے تصور میں تصویر نظر آئی

ملنے کی بھی کچھ ان سے تدبیر نظر آئی

کیا شوخ نگاہی کا اس کی ہے اثر اب تک

کیوں قوسِ قزح مجھ کو شمشیر نظر آئی

دولت کے پُجاری بھی کیا دادِ سخن دیں گے

اس میں بھی ہمیں اپنی تحقیر نظر آئی

کیا میری اُداسی کا اس پر تھا اثر گہرا

وہ جانِ تمنّا کیوں دل گیر نظر آئی؟

جب بھی ہوئی ناکامی، جب بھی کوئی زخم آیا

تدبیر کے پردے میں تقدیر نظر آئی

میں نے غمِ جاناں کو اے سوز دُعا دی ہے

اشعار میں جب اپنے تاثیر نظر آئی


ڈاکٹر سردار سوز

No comments:

Post a Comment