Tuesday 19 December 2023

حضور کاش میں ہوتا اسی زمانے میں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


حضورﷺ کاش میں ہوتا اسی زمانے میں

اور ایک روز مِری چِڑیا مر گئی ہوتی

حضورﷺ! اور میں روتا تو آپؐ آ جاتے 

زمیں پہ بیٹھ کے پھر مجھ سے تعزیت کرتے

حضورﷺ کاش میں ہوتا وہ ننھا بچہ جسے 

حضورﷺ آپؐ کے گھر داخلے پہ روک نہ تھا

وہی کہ عائشہؓ اماں جسے بُلاتیں اور

بُلا کے چند کھجوریں اسے دیا کرتیں

جو دوڑ دوڑ کے سب کام آپؐ کے کرتا

جو لمحہ لمحہ دعائیں بہت لیا کرتا

دباتا آپﷺ کے پاؤں بھی اور وقفے سے

حضورؐ! آپؐ کے تلوؤں کے بوسے لے لیتا

وہی کہ جس کی، حضورؐ! آپؐ تربیت کرتے

اور اس کو خاص دعائیں بھی آپؐ سکھلاتے

حضورﷺ! کاش میں ہوتا وہ بچہ طیبہ کا

کہ جس کے سر پہ کبھی آپؐ پھیر دیتے ہاتھ

تمام بچوں میں ممتاز پھر نظر آتا

اور اپنی خوشبو سے پہچان بھی لیا جاتا

وہی جو آپؐ کی محفل میں سب سے چھوٹا ہو

اور آپﷺ ہدیہ اسے پہلے دے دیا کرتے


مصعب شاہین

No comments:

Post a Comment