عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ختمِ رُسلؐ کے آنے کی تاثیر دیکھنا
اب آگے آگے صبح کی تنویر دیکھنا
معراجِ شوق، نسخۂ اکسیر دیکھنا
پھر اسوۂ حضورؐ میں تفسیر دیکھنا
انسانیت کو آپﷺ نے جاوید کر دیا
انسانیت کی عظمت و توقیر دیکھنا
سرکارؐ جب بُلائیں گے، پہنچیں گے ہم ضرور
کیا بار بار ٭پانؤ کی زنجیر دیکھنا
اُنؐ کی نگاہِ لُطف کا اعجاز سوچنا
ہر سمت پھر وہ ذوقِ ہمہ گیر دیکھنا
آقائے دو جہاںؐ کی غلامی ہے عکس ریز
میری جبیں کی تابشِ تحریر دیکھنا
وہ حجۃ الوِداع میں خطبہ حضورؐ کا
تکمیلِ دِین کی سامنے تعبیر دیکھنا
خُلق و کرم سے کیسے چٹانیں پگھل گئیں
حُسنِ سلوک و جوہرِ تدبیر دیکھنا
اپنی مثال آپ رسالت مآبﷺ ہیں
کردارِ نقش نقش کی تصویر دیکھنا
تھی عظمتوں کی بات تو یاد آ گئے بلال
چمکا کہاں ستارۂ تقدیر دیکھنا
آقاﷺ کی یاد میں رہو با چشمِ تر رباب
ہو گی معاف جو بھی ہے تقصیر دیکھنا
رباب رشیدی
٭پانؤ؛ پاؤں
No comments:
Post a Comment