Tuesday, 19 December 2023

کر کے آغاز سحر نام خدا سے پہلے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کر کے آغازِ سحر نامِ خدا سے پہلے

گُلشنِ جاں میں پہنچنا ہے صبا سے پہلے

نہ کوئی دل سا غنی ہے، نہ کوئی دل سا فقیر

ان کے الطاف کے بعد، ان کی عطا سے پہلے

قلبِ صدیقؓ و عمرؓ، سینہ عثمانؓ و علیؓ

چمنِ عشق ہیں ایجادِ صبا سے پہلے

کچھ نہیں مانگتے ہم رب محمدﷺ کی قسم

ان پہ تسلیم کے بعد، ان کی ثناء سے پہلے

دعوِئ عشقِ رسالتؐ میں نہ جلدی کیجے

اس کی توثیق تو ہو خوفِ خدا سے پہلے

کچھ نہ تھے انفس و آفاق، زمین و افلاک

ان کے نور، ان کے ظہور، ان کی ضیاء سے پہلے

کچھ نہیں ہاں بخدا کچھ بھی نہیں دیدہ و دل

ان کے دیدار سے قبل، ان کی لقا سے پہلے

عازمِ طیبہ پہ لازم ہے کہ آدابِ سفر

پوچھ کہ نکلے کسی مردِ خدا سے پہلے

دیکھا جاتا ہے وہاں دیدہ تر، قلبِ سلیم

ریش و سجادہ و دستار و قبا سے پہلے

ہوسِ جاہ کہاں، عشق شہنشاہ کہاں

سینہ خالی تو کرو کبر و ریا سے پہلے

دشتِ پر خارِ محبت میں قدم رکھتے وقت

پوچھ ہی لیتے کسی آبلہ پا سے پہلے

دل میں اک مہرِ جہاں تاب ہے جو بہرِ طلوع

اذن لیتا ہے شہِ ارض و سما سے پہلے


احمد جاوید

No comments:

Post a Comment