Wednesday, 20 December 2023

زندگی جب ہو پریشاں گردش ایام سے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


زندگی جب ہو پریشاں گردشِ ایّام سے

دل سکوں پاتا ہے بس خیرالوریٰؐ کے نام سے

میں درُودِ پاکﷺ سے بس آشنا ہوں دوستو

میں تو واقف ہی نہیں ہوں درد سے، آلام سے

میں نے تو رحمت کی بس اِک بُوند مانگی تھی مگر

اِک سمندر آ ملا مجھ جیسے تشنہ کام سے

مُورتوں کو رُخ کیے تھے دہر کے سارے عباد

عابدوں کی سمت بدلی آپﷺ کے پیغام سے

آج ہم مائل ہیں پھر جُھوٹے خُداؤں کی طرف

آج ہم غافل ہیں پھر فرعون کے انجام سے

قیصر و کسریٰ کے کنگن کل ہمارے پاس تھے

آج ہم جانے ہیں کیوں بے دام سے، ناکام سے

سب کو عُجلت حاضری کی ہے مگر سُوئے ادب

یہ نبیﷺ کا شہر ہے، چلیے زرا آرام سے

مِدحتِ آقاﷺ سے ہے پہچان ورنہ شہر میں

جی رہے تھے ہم بھی نامعلوم سے، گُمنام سے

نعت گوئی نے بہت ہی خاص ہم کو کر دیا

ورنہ واصف ہم تو شاعر تھے بہت ہی عام سے


جبار واصف

No comments:

Post a Comment