Thursday, 14 December 2023

کور چشمی کے قید خانے میں گونگی دہلیز پر دیے رکھ کر

 کور چشمی کے قید خانے میں


گُونگی دہلیز پر دِیے رکھ کر

چاہتے ہیں کہ روشنی بولے

خُون کس طرح کام آتا ہے

میرے قاتل کی تشنگی بولے


قتل گاہوں سے دھجیاں چُن کر

وقت کُنت علم بناتا ہے

کور چشمی کے قید خانوں میں

زخم کتنے دِیے جلاتا ہے


ہر نئے سال کے حوالے سے

بس سحر کو سلام کرتے ہیں

جس پہ سُورج کا نام لکھا ہے

اس نگر کو سلام کرتے ہیں


ہم سلاخوں سے جھانکنے والے

ہم بھی سُورج کی راہ تکتے ہیں

ان عباؤں کی چِلمنوں کا ہٹاؤ

سب کے خنجر شناخت کرتے ہیں


آمدِ صُبح کے لیے ان کے

جنگ ہو گی تو آخری ہو گی

سُن لیں شب کے مجاورانِ کرام

اب یہاں صرف روشنی ہو گی


حسن حمیدی

No comments:

Post a Comment