Tuesday, 19 December 2023

بھنور میں ناؤ ہے بارش کے امتحان کے بعد

 بھنور میں ناؤ ہے بارش کے اِمتحان کے بعد

ہے آسرا کوئی کمزور بادبان کے بعد؟

قسم اُٹھائی ہے خالق نے جسؐ کے چہرے کی

وہ جانتا ہے کہ کیا ہے اس آسمان کے بعد

ملے گی کتنی اذیّت ہمیں جُدائی میں

چلیں گے درد کے نغمے خُوشی کی تان کے بعد

علاوہ اس کے اگر اور زندگی بھی ہے

تو کوئی سلسلہ بھی ہو گا لا مکان کے بعد

ہمیں مِلا ہے جو رُتبہ، یہ پائیدار نہیں

نجانے ہوں گے کہاں ہم اس آن بان کے بعد

فسانہ سُن لیا احمد نے زندگی کا، مگر

نتیجہ کچھ نہیں نِکلا ہے داستان کے بعد


احمد حجازی

No comments:

Post a Comment