Tuesday, 19 December 2023

مجھے چھوڑ تو جسے جا ملا تجھے کیا ملا

مجھے چھوڑ تُو جسے جا ملا تُجھے کیا ملا

مجھے عُمر بھر کا خلا ملا تجھے کیا ملا

تُو گیا تُو تجھ پہ وفا کے در سبھی بند تھے

مجھے مے کدہ تو کُھلا، تجھے کیا ملا

میں تیری تلاش میں دُور تک تھا بھٹک گیا

مجھے راستے میں خُدا ملا تجھے کیا ملا

تیرے بعد جب ہُوا آئینوں کے میں رو برو

میرا چہرہ مجھ سے خفا ملا تجھے کیا ملا

صف دُشمناں کو نوید تھی، گویا عید تھی

مرا سر جو تن سے جُدا ملا تجھے کیا ملا

میرے قتل پر میری ذات کی ہوئی جانچ جب

میرا شجرہ عشق سے جا ملا تجھے کیا ملا

تُو نہیں تھا مظہرِ جاں مگر تیرا نقشِ پا

مجھے رہگزر پہ پڑا ملا تجھے کیا ملا


مظہر فرید گبول  

No comments:

Post a Comment