Friday, 12 January 2024

کتنی ہے مشکبو مری اردو درود سے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کتنی ہے مِشکبِو مِری اردو درودﷺ سے

آراستہ ہیں نظم کے گیسٗو درودﷺ سے

بنتا نہ تھا خیال کوئی سلسبیلِ شوق

پانی ہوئے معانی پرنتو درودﷺ سے

جو تھے دروغ باف اُجڈ بے ادب عرب

شائستہ ہو گئے وہی بدو درودﷺ سے

کِھلتا ہے لب پہ اسمِ محمدﷺ کا جب بھی پھول

کمرے میں پھیل جاتی ہے خوشبو درود سے

آنکھیں تو لے کے جانے لگی تھیں خدا سے دور

اس دل نے پھر کیا مجھے قابو درودﷺ سے

میں ضبط کر رہا تھا کہ دُنیا نہ دیکھ لے

لیکن چھلک اُٹھے مِرے آنسُو درود سے

اتنا ہُنر عقیل ہے مجھ بے ہُنر کے پاس

اشعار کے بدلتا ہوں پہلو درودﷺ سے


عقیل ملک

No comments:

Post a Comment