Tuesday, 7 May 2024

یہاں ہر شخص اپنے گھر سے کم باہر نکلتا ہے

 یہاں ہر شخص اپنے گھر سے کم باہر نکلتا ہے

بدن کھو بیٹھنے کے ڈر سے کم باہر نکلتا ہے

کوئی سودا مِرے سر میں سماتا ہی نہیں، لیکن

سما جائے تو پھر وہ سر سے کم باہر نکلتا ہے

جہاں سورج برس میں ایک یا دو دن چمکتا ہو

وہاں سایہ کسی پیکر سے کم باہر نکلتا ہے

زمینیں ڈوب جانا چاہتی ہیں پیاس ایسی ہے

مگر سیلاب ہی ساگر سے کم باہر نکلتا ہے

وہ جس حیوان کو پتھر کے اندر رزق ملتا ہو

وہ پتھر کا ہے اور پتھر سے کم باہر نکلتا ہے

نہ جانے کتنی آوازیں بلاتی ہیں اسے، لیکن

یہ سنّاٹا مِرے اندر سے کم باہر نکلتا ہے

ابھی آکاش کا رشتہ نہیں ٹوٹا زمینوں سے

مگر وہ ابر کی چادر سے کم باہر نکلتا ہے


امداد آکاش

No comments:

Post a Comment