عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
خوشی سے میرا تعارف ہُوا اوائلِ غم
پھر اس کے بعد تو دنیا تھی اور مسائلِ غم
مجھے پلٹنا پڑا خواہشوں کے جنگل سے
میں خود بہ خود ہی ہُوا جا رہا تھا مائلِ غم
میں اس کے سامنے خوشیاں اُٹھا کے لے آیا
وہ دے رہا تھا مسلسل مجھے دلائلِ غم
بُرے بھلے سبھی موسم گزرتے رہتے ہیں
بیان میں نہیں کرتا کبھی مسائلِ غم
کبھی کہیں کوئی ایسا جریدہ تھا شاید
گھروں سے اب تو نکلنے لگے رسائلِ غم
بڑے کٹھن بڑے دشوار راستے تھے مگر
خدا کے فضل سے طے ہوگئے مراحلِ غم
سلیم میں کسی ظالم سے اب نہیں ڈرتا
غمِ حسینؑ سے مجھ پر کُھلے فضائلِ غم
سلیم کوثر
No comments:
Post a Comment