عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ستم کی دار پہ جو سر سجا حسینؑ کا ہے
برائے دینِ نبیﷺ سر کٹا حسینؑ کا ہے
سنبھال کر اسے رکھنا زمینِ کرب و بلا
تِرے بدن پہ لہو جو گِرا حسینؑ کا ہے
ہزار سجدے ہوں قربان جس کی عظمت پر
وہ ایک آخری سجدہ ہوا حسینؑ کا ہے
یزید و شمر کا باقی نہیں ہے نام ونشاں
جہاں میں چاروں طرف گُل کھلا حسینؑ کا ہے
خدا کی راہ میں بن کر شہادتِ عظمیٰ
چمک رہا ہے جو یہ خوں بہا حسینؑ کا ہے
ڈرا نہ پائے گی آندھی یزیدیت کی ہمیں
ہمارے سامنے اب آئینا حسینؑ کا ہے
سلام پیش کر اب اہلِ بیتؑ کو قیصر
ہے ذکرِ آلِ نبیؐ تذکرا حسینؑ کا ہے
نورالعین قیصر قاسمی
No comments:
Post a Comment