Wednesday, 3 December 2025

الفت میں کیا بشر سے بشر بولتے نہیں

 الفت میں کیا بشر سے بشر بولتے نہیں

کیوں عاشقوں سے رشکِ قمر بولتے نہیں

شیریں لبوں کی یاد میں لب ان کے بند ہیں

شاخوں پہ اس لیے یہ ثمر بولتے نہیں

وصلت کی شب کو حلق پہ ہیں پھیرتے چھری

پھیرو چھری پہ مرغِ سحر بولتے نہیں

اس رخ کے سامنے نہ چراغ ان کا جل سکا

خجلت کے مارے شمس و قمر بولتے نہیں

آ کر خوشی میں گاتے ہیں اس طرح بد گلو

خوش ہو کے جس طرح کبھی خر بولتے نہیں

نرگس بتا رہی ہے اشاروں سے یہ اصول

یاں دیکھتے ہیں اہلِ نظر بولتے نہیں

شاعر وہ ہیں جو خامۂ شہباز کی طرح

اشعار لکھتے جاتے ہیں پر بولتے نہیں


سید محمد عبدالغفور شہباز

No comments:

Post a Comment