Wednesday 19 November 2014

شب نشاط تھی یا صبح پر ملال تھی وہ

شبِ نشاط تھی یا صبحِ پُر ملال تھی وہ
تھکن سے چُور تھا میں نیند سے نڈھال تھی وہ
میں اس کی ہمسفری میں بھی دل گرفتہ رہا
کہ ہر قدم پہ جدائی کا احتمال تھی وہ
اِدھر اُدھر کے بھی کردار آتے جاتے رہے
میرے سخن کا مگر مرکزی خیال تھی وہ
وہ پیرہن تھی، مگر جسم و جاں رہی میری
کہ جو بھی جیسا بھی موسم تھا حسبِ حال تھی وہ
تمام عمر اگر زندگی نے زخم دیے
تمام عمر کے زخموں کا اندمال تھی وہ
یہ عمر بھر کا اثاثہ اسی کے نام تو ہے
اگرچہ میری رفاقت میں چند سال تھی وہ
فرازؔ یاد ہے اب تک سپردگی اس کی
ز فرق تا بقدم خواہشِ وصال تھی وہ

احمد فراز

No comments:

Post a Comment