Wednesday, 19 November 2014

شام غم جب بکھر گئی ہو گی

شامِ غم جب بکھر گئی ہو گی
جانے کس کس کے گھر گئی ہو گی
اتنی لرزاں نہ تھی چراغ کی لَو
اپنے سائے سے ڈر گئی ہو گی
چاندنی ایک شب کی مہماں تھی
صبح ہوتے ہی مر گئی ہو گی
دیر تک وہ خفا رہے مجھ سے
دور تک یہ خبر گئی ہو گی
ایک دریا کے رخ بدلتے ہی
اک ندی پھر اتر گئی ہو گی
جس طرف وہ سفر پہ نکلا تھا
ساری رونق ادھر گئی ہو گی
رات سورج کو دھونڈنے کے لیے
تا بہ حدِ سحر گئی ہو گی
میری یادوں کی دھوپ چھاؤں میں
اس کی صورت نکھر گئی ہو گی
یا تعلق نہ نبھ سکا اس سے
یا طبیعت ہی بھر گئی ہو گی
تیری پل بھر کی دوستی محسن
اس کو بدنام کر گئی ہو گی​

محسن نقوی

No comments:

Post a Comment