Saturday, 14 November 2015

پرسش غم سے بھلا چارۂ غم کیا ہو گا

پرسشِ غم سے بھلا چارۂ غم کیا ہو گا
اس تکلف سے تو زخم اور بھی گہرا ہو گا
کر دیے کس نے یہ گل جاگتی آنکھوں کے چراغ
تیری خوشبوئے بدن کا کوئی جھونکا ہو گا
ہر نفس پر ہیں محبت میں ہزار اندیشے
ہر قدم پر یہی تشویش کہ اب کیا ہو گا
یہ مِرے شوق کا عالم یہ تِری کم نگہی
دیکھنے والوں نے کیا کچھ بھی نہ سوچا ہو گا
درد جاگ اٹھا ہے لو دینے لگے بجھتے چراغ
دل کے زخموں کو تِری یاد نے چھیڑا ہو گا
رات کیا عمر اسی طرح گزر جائے گی
زندگی بھر یونہی چپ چاپ سلگنا ہو گا
دل لرزتا ہے ہوا چیخ رہی ہے مضطر
پھر کسی شاخ سے پتا کوئی ٹوٹا ہو گا

مضطر اکبرآبادی​

No comments:

Post a Comment