Tuesday 17 November 2015

کبھی خود شمع ہوتا ہے کبھی پروانہ ہوتا ہے

کبھی خود شمع ہوتا ہے کبھی پروانہ ہوتا ہے
تِرا دیوانہ اے جاناں! بڑا مستانہ ہوتا ہے
عجب انداز کے جلوے دکھاتا ہے تُو ہر لمحہ
کہیں پہ کعبہ ہوتا ہے، کہیں بت خانہ ہوتا ہے
خدا محفوظ رکھے تیری آنکھوں کا نشہ ساقی
شرابِ عشق کا ہر دَم یہ مئے خانہ ہوتا ہے
نرالی شان تیری ہے، تجھے پہچاننا مشکل
کبھی تُو جان ہوتا ہے، کبھی جانانہ ہوتا ہے
مِرے دل کو جلا کر پیش کرنا اور یہی کہنا
کہ یوں عاشق کی جانب سے تِرا نذرانہ ہوتا ہے
یہ کس کے عشق میں تبدیل ہوتی ہے فضا اتنی
کہیں پہ شہر بستا ہے، کہیں ویرانہ ہوتا ہے
فنا ہونے لگا ہوں میں صنم کے عشق میں جب سے
مِرا ہر دوست مجھ سے اب ضیاؔ بے گانہ ہوتا ہے

ضیا علوی

No comments:

Post a Comment