Thursday 12 January 2017

دلربائی میں جو تلوار بھی بن سکتے ہیں

دلربائی میں جو تلوار بھی بن سکتے ہیں
کیا وہ قسمت سے مِرے یار بھی بن سکتے ہیں
پارساوٓں کے خد و خال سے گمراہ نہ ہو
صاحبِ ذوق ہیں مۓ خوار بھی بن سکتے ہیں
رحم کھا کر تُو چلا آئے عیادت کو تو ہم
اس خوشی کیلئے بیمار بھی بن سکتے ہیں
سنگدل اتنی حقارت سے نہ ٹھکرا ہم کو
ہم اگر چاہیں تو خود دار بھی بن سکتے ہیں
اب تو یزداں بھی تجھے دیکھے تو پہروں سوچے
کیا کہیں یہ لب و رخسار بھی بن سکتے ہیں
تو میرے گھر میں چلا آئے تو جنت کیا ہے
اس سے بہتر درِ دیوار بھی بن سکتے ہیں
ہم کو رغبت ہی نہیں خلق فریبی سے عدمؔ
ورنہ ہم کاشفِ اسرار بھی بن سکتے ہیں

عبدالحمید عدم

No comments:

Post a Comment