Thursday, 9 January 2020

گریہ مسرت

گریۂ مسرت

نازنین و عفیف اک بیوی
یادِ شوہر میں سست بیٹھی تھی
غمزدہ، مضمحل پریشاں حال
شکل غمگین، پُرشکن خط و خال
سوزِ ہجراں کی آنچ سینے میں
پھر وہ برسات کے مہینے میں

اودی اودی گھٹائیں آتی تھیں
اس کے دل پر بلائیں آتی تھیں
“دل میں کہتی تھی ”کب وہ آئیں گے
”کب یہ دن بے کسی کے جائیں گے“
منہمک تھی انہی خیالوں میں
غرق تھی ہجر کے ملالوں میں
در و دیوار پر اداسی تھی
چشم و ابرو پہ بدحواسی تھی
دفعتاً چاپ سی ہوئی محسوس
ہل گیا خوف سے دلِ مایوس
یک بہ یک بام و در جھلک اٹھے
در و دیوار سب مہک اٹھے
اس نے حیرت سے مڑ کے جب دیکھا
پیارے شوہر کو پشت پر پایا
آنکھ اٹھاتے ہی ہو گئی حیرت
سامنے اس کے تھی وہی صورت
روز روتی تھی جس کی فرقت میں
اشک بہنے لگے مسرت میں
ہنس کے شوہر نے چھیڑ سے پوچھا
”میرے آنے سے کیا ہوئی ایذا؟“
”دل کے چشمے یہ کیوں ابل آۓ؟“
”اشک کیوں دفعتاً نکل آۓ؟“
سن کے شوہر کا یہ عجیب خیال
عرض کرنے لگی وہ دل کا حال
“بولی”آنکھیں تھیں ہجر سے خونبار
”تابشِ حسن نے دوا بخشی“
”لذّتِ دید نے شفا بخشی“
”یہ میری آنکھ میں جو آنسو ہیں“
”ان میں صدہا خوشی کے پہلو ہیں“
”پردۂ اشک میں مسرت ہے“
”آج آنکھوں کا غسلِ صحت ہے“

جوش ملیح آبادی

No comments:

Post a Comment