Tuesday, 7 January 2020

تیز جب گردش حالات ہوا کرتی ہے

تیز جب گردش حالات ہوا کرتی ہے 
روشنی دن کی سِیہ رات ہوا کرتی ہے 
رنج اور غم کی جو برسات ہوا کرتی ہے 
دولتِ عشق کی خیرات ہوا کرتی ہے 
جب خیالوں میں دبے پاؤں وہ آ جاتا ہے 
وہ ملاقات "ملاقات" ہوا کرتی ہے 
اس کی خاموشی بھی طوفاں کا پتا دیتی ہے 
اس کی ہر بات میں اک بات ہوا کرتی ہے 
جس پہ رشتوں کے نبھانے کی ہو ذمہ داری 
اس کے حصے میں فقط "مات" ہوا کرتی ہے 
یہ بھی ہوتا ہے محبت میں سخن کا انداز 
لب نہیں کھلتے مگر "بات" ہوا کرتی ہے 
جلتا رہتا ہے چراغوں میں رفاقت کا لہو 
ہجر کی رات بھی کیا "رات" ہوا کرتی ہے 
دن کی بے چینیاں راتوں کی تڑپ بے خوابی 
اس کی چاہت کی یہ "سوغات" ہوا کرتی ہے 

مینا نقوی

No comments:

Post a Comment