Tuesday, 1 December 2020

جلوے بے ہوش نہ کر دیں ترے دیوانوں کو

 جلوے بے ہوش نہ کر دیں ترے دیوانوں کو

شمع کی لو کہیں پھونک نہ دے پروانوں کو

کر نہ تلقینِ ادب بزم میں مستانوں کو

ہوش رہتا ہے کسے دیکھ کے پیمانوں کو

صبح کی پہلی کرن شب کا ہٹاتی ہے نقاب

زندگی از سرِ نو ملتی ہے ارمانوں کو

زیست بے رنگ تھی سادہ تھی کہانی دل کی

رنگ بخشا تری الفت نے ہی افسانوں کو

یہ تبسم، یہ تکلم، یہ ترنم، یہ ادا

بیقرار اور بھی کرتے ہیں پریشانوں کو

چند کانٹے رہِ دنیا سے ہٹائے ہیں ضرور

گلستاں گرچہ بنایا نہ بیابانوں کو

مدتوں کی وہ مری تشنہ لبی ہے کہ حبیب

تکتی ہے دور سے خاموش جو پیمانوں کو


سید حبیب

No comments:

Post a Comment